مون سون کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ سےزیادہ پودے لگائے جائیں گے، درختوں سے آب و ہوا صاف، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا، قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں دن رات محنت سے قدرت کی عطا کردہ نعمتوں سے استفادہ کرنا ہے۔ وزیراعظم نے بدھ کو یہاں وزیراعظم ہائوس کے سبزہ زار میں پودا لگا کرشجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو شجرکاری مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جون 2024 میں دو ارب 20 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں، اس شجرکاری کے دوران ملک بھر میں دس کروڑ پودے لگائے جائیں گے، اس سے نہ صرف پاکستان خوبصورت ہو گا بلکہ موسمیاتی تبدیلی جس نے پاکستان کو 2022 میں بری طرح نشانہ بنایا تھا اس کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، فضائی آلودگی میں کمی واقع ہو گی اور قدرتی حسن میں اضافہ ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کا یہ موسم دلوں کو خوش کرنے والا موسم ہے جس میں ہر طرف مسکراہٹیں بکھرتی ہیں، برسات سے گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم شبانہ روز محنت کر کے ان نعمتوں سے فائدہ اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کریں، ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مون سون کے موسم میں شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر میں متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں وفاقی حکومت اور ذمہ داران مل کر اس عظیم کام میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو آلودگی سے بچانے کے لئے اور اس ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ہمارے بچے بھی موجود ہیں جو پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، یہ بڑے ہو کر زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے، بچوں کو تعلیم کے ساتھ ہنرمند بنائیں گے تاکہ وہ ملک کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی