ملتان(نیوز پلس) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس حکومت کا سیاسی ایجنڈا صرف انتقام ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی پالسیاں درآمد شدہ ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ ملتان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہے،پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) ہو یا تحریک انصاف سب ایک جیسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وعدے کیے مگر ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے،،آج بھی جنوبی پنجاب کا وہی حال ہے جو پہلے تھا،پندرہ ماہ گزرنے کے باوجود تحریک انصاف نے صوبہ جنوبی پنجاب کا وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی پنجاب ایک زرعی علاقہ ہے،یہاں کا کسان سخت محنت کے ساتھ اپنا پسینہ بہاتا ہے مگر اسکے باوجود اسکے اپنے بچے بھوکے سوتے ہیں،جنوبی پنجاب میں صحت اور تعلیم کا نظام بہت خراب ہے،یہ خطہ طبقاتی نظام کی وجہ سے جل رہا ہے مگر یہاں کے مسائل حل کرنے میں کوئی بھی سنجیدہ نہیں ہے۔سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے غریب آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے۔