Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ملک میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کمپرومائزڈ ہیں، ایمل ولی خان

ملک میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کمپرومائزڈ ہیں، ایمل ولی خان

 ہم نے اپنے سر کی قربانیاں دے کر امن کا نعرہ دیا، اس قوم کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں قلم کی ضرورت ہے،سربراہ اے این پی کاجلسے سے خطاب

کراچی:  عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کمپرومائزڈ ہیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے دوستانہ گزارش ہے کہ پختونوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی نے کہاکہ آج پاکستان میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی کمپرومائزڈ ہیں، آج تک ہر انتخابات میں دھاندلی ہوئی، خیبر پختونخوا میں 90فیصد مینڈیٹ دے کر قومی اسمبلی میں کمپرومائزڈ اپوزیشن بنائی گئی۔

اے این پی سربراہ نے کہا کہ کیا آج آپ کے پاس ووٹ کا اختیار ہے؟، پاکستان کے انتخابات ہمارے سامنے ہیں، 2013 میں جہاں سب انتخاب لڑ رہے تھے ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس بار عوام کے مینڈیٹ کو بیچ کر لوگوں کو لاکر اسمبلی میں بیٹھا دیا گیا، خیبر پختونخوا کا 90فیصد مینڈیٹ غیر ذمہ دارانہ لوگوں کو دیا گیا، ہم بات کرتے ہیں تو ہمیں ایجنٹوں کے نام سے پکارا جاتا ہے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم اس مشکل میں تاریخی طور پر ظالم اور جابر کے خلاف قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، باچا خان اور خدائی خدمت گاروں نے انگریز سامراج کے سامنے آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہاکہ باچا خان نے عدم تشدد کا فلسفہ دیا جس پر ہم آج بھی کاربند ہیں۔ ولی خان کی تاریخ آزاد ہے، اس پر لوگ پی ایچ ڈی کرتے ہیں، آج ہم باچا خان اور ولی خان جیسی قیادت کی یاد میں جمع ہوئے ہیں۔

اے این پی سربراہ نے کہاکہ ہم نے اپنے سرکی قربانیاں دے کر امن کا نعرہ دیا ہے، ہمارے ہر شہید نے سینے پر گولی کھائی ہے، ہم سے کوئی توقع نہ رکھے ہم جمہوریت کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم وسائل اور بچوں کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے، کراچی سب کا شہر ہے، اگر ایک قوم کہے کہ اس پر میرا حق ہے اور کسی کا نہیں تو غلط ہے، یہ شہر سندھی، بلوچی سب کا ہے، اس شہر سے کوئی قوم ختم نہیں ہوسکتی ہے۔

ایمل ولی خان نے کہاکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے دوستانہ گزارش ہے کہ پختونوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ پختونوں کے ساتھ سلوک ٹھیک نہیں رکھیں گے تو کراچی نہیں چل پائے گا، ریاست پختونوں کے ساتھ ناروا سلوک نہ رکھے، پورا پاکستان بند کرسکتے ہیں، چابی میرے ورکر کے ہاتھ میں ہے،اس قوم کو ایٹم بم کی ضرورت نہیں ہے قلم کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More