لاہور(نیوز پلس) چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی کو اولین ترجیح سمجھتا ہے۔ نیب آ فس لاہور میں جسٹس(ر) جاوید اقبال کو میگاکرپشن کے مقدمات اور نیب لاہور کی جانب سے بدعنوان عناصر سے ہونے والی ریکوری پر ڈائریکٹر ڈی جی نیب لاہور نے بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور قومی دولت لوٹنے والے بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی برآمدگی کو اولین ترجیح سمجھتا ہے۔انہوں نے نیب لاہور کی جانب سے ڈبل شاہ کیس میں ملزمان سے اربوں روپے کی تاریخی وصولی اور ہزاروں متاثرین میں برآمد کی گئی رقوم کی تقسیم کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب کے افسران و اہلکار عوام سے لوٹی گئی دولت کی برآمدگی کیلئے سرتوڑ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہاؤسنگ سیکٹر کے مقدمات میں ہونے والی پیشرفت پر انہوں نے نیب لاہور کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کے ساتھ ساتھ ہاؤسنگ سیکٹر کے مقدمات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کے اب تک کے تمام اقدامات ملک و قوم کے بہتر مفاد اور آنے والی نسلوں کیلئے کرپشن فری ماحول کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔