ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے توشہ خانہ تحائف کا ریکارڈ پبلک کر دیا
کابینہ ڈویثرن کی ویب سائٹ پر توشہ خانہ کا 2002ء سے 2023ء تک کا ریکارڈ اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
ویب سائٹ پت توشہ خانہ سے متعلق 466 صفحات کا ریکارڈ اپ لوڈ کیا گیا ہے ۔توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وزراء اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں توشہ خانہ میں 224 تحائف موصول ہوئے، 2021 میں 116 تحائف، 2018 میں 175 تحائف اور 2014 میں 91 جبکہ 2015 میں 177 تحائف حکومتی ذمہ داران نے وصول کیے۔
ریکارڈ میں سابق صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزرائے اعظم شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی، نوازشریف، راجہ پرویز اشرف اور عمران خان سمیت دیگر کے نام شامل ہیں جبکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف اور صدرعارف علوی کے تحائف بھی شامل ہیں اس سے قبل کی حکومتوں کا ریکارڈ ویب سائٹ پر اپلوڈ نہیں کیا گیا۔
حکومتی سربراہان کے علاوہ وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام اور سرکاری ملازمین کو ملنے والے تحائف کا ریکارڈ بھی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا ہے، کم مالیت کے بیشتر تحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے ہی رکھ لیے کیونکہ 2022ء میں دس ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی کے رکھنے کا قانون تھا۔
سابق صدر جنرل پرویز مشرف
2004 ء میں سابق صدر پرویز مشرف کو ملنے والے تحائف کی مالیت 65 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی ہے ۔2005 میں پرویز مشرف کو تحفے میں ملنے والی گھڑی کی قیمت 5 لاکھ روپے بتائی گئی۔
سابق وزیر اعظم شوکت عزیز
2005 میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کو ساڑھے 8 لاکھ روپے کی ایک گھڑی ملی جو 3 لاکھ 55 ہزار ہزار میں نیلام ہوئی۔
سابق وزیر اعظم ظفراللہ خان جمالی
سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی نے تحفہ میں ملنے والا خانہ کعبہ کا ماڈل وزیر اعظم ہاؤس میں نصب کروایا جبکہ جنرل (ر) پرویزمشرف کی اہلیہ کو 2003 میں ملنے والے ایک جیولری بکس کی قیمت 26 لاکھ 34 ہزار 387 روپے لگائی گئی۔
سابق وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی /فواد حسن فواد/عبداللہ عباسی
2018 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو 2 کروڑ پچاس لاکھ مالیت کی رولکس گھڑی تحفے میں ملی جبکہ اپریل 2018 میں شاہد خاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ عباسی کو 55 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی ملی، اسی طرح شاہد خاقان کے ایک اور بیٹے نادر عباسی کو 1 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی جو انہوں نے 33 لاکھ 95 ہزار روپے جمع کروا کے اپنے پاس رکھ لی۔
اسی سال وزیراعظم کے سیکرٹری فواد حسن فواد کو 19 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی ملی، علاوہ ازیں 2018 میں وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈئر وسیم کو 20 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی ملی، جو انہوں نے توشہ خانہ میں 3 لاکھ 74 ہزار روپے جمع کروا کے اپنے پاس رکھ لی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان
سابق وزیر اعظم عمران خان کو ستمبر 2018 میں کروڑ 9 لاکھ روپے کے قیمتی تحائف موصول ہوئے جن میں 8 کروڑ 50 لاکھ کی گھڑی ،کلف لنکس کی قیکت 56 لاکھ 70 ہزار ،ایک پین جس کی مالیت 15 لاکھ ہے کے علاوہ مزید تحائف شامل تھے ان تحائف کو 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے میں جمع کروا کر رکھ لیا۔
صدر مملکت عارف علوی
صدر عارف علوی کو دسمبر 2018 میں 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کی گھڑی، قرآن پاک اور دیگر تحائف ملے جس میں سے انہوں نے قرآن مجید اپنے پاس رکھا اور دیگر تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے، اسی طرح دسمبر 2018 میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کو بھی 8 لاکھ روپے مالیت کا ہار اور 51 لاکھ روپے مالیت کا بریسلٹ ملا جو انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کروادیا۔