ملتان ٹیسٹ: دوسرا دن، پاکستان کے 366 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے چھ وکٹوں پر239 پر رنزلئے
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کرس 3، میتھیو پوٹس 2 اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے
ملتان: انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 366 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،
دوسرے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں کامران غلام کی سنچری اور صائم ایوب کی نصف سنچری کی بدولت 366 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ نے اپنی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی 12 اوورز میں 6.5 کی اوسط سے رنز کیے، پاکستان کو پہلی کامیابی 73 رنز پر ملی جب زیک کرالی 27 رنز بناکر نعمان علی کا شکار بنے جبکہ اولی پوپ 29 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے گزشتہ روز 37 رنز بنائے تھے اور وہ اپنی اننگز میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کرنے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔سلمان آغا نے گزشتہ روز کی اننگز میں 26 رنز کا اضافہ کیا اور 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ساجد خان صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
آل راؤنڈر عامر جمال اور نعمان علی نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، عامر جمال 37 اور نعمان علی 32 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے،زاہد محمود 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کرس 3، میتھیو پوٹس 2 اور شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
قومی ٹیم کے پہلی اننگز کے 366 رنز کے جواب میں انگلینڈ نے پر اعتماد انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 73 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب زیک کرالی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں اسپنر نعمان علی نے آؤٹ کیا۔مہمان ٹیم کی دوسری وکٹ 125 رنز پر گری جب اولی پاپ 29 بنا کر پویلین لوٹے، انہیں ساجد خان نے آؤٹ کیا، ان کے بعد جو روٹ آؤٹ ہوئے جو 34 رنز بنا کر ساجد خان کا دوسرا شکار بنے۔
ان کے بعد سنچری بنانے والے بین ڈکٹ 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں بھی ساجد خان نے میدان بدر کیا، انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیری بروک تھے جو 9 رنز بنا کر ساجد خان کا چوتھا شکار بنے، ان کے بعد کریز پر آنے والے انگلش کپتان کو نعمان علی نے زیادہ مہلت نہیں دی اور وہ صرف ایک رن بنا کر واپس پویلین جانے پر مجبور ہوگئے۔
اس طرح انگلش ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے ہیں اور پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے اسے اب بھی 127 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں، اس وقت جمی اسمتھ 12 اور برائڈن کارس 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، عبداللہ شفیق 7 اور شان مسعود 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم صائم ایوب نے 77 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔بابراعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام نے اپنے ڈیبیو پر ہی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا، وہ 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔