اسلام آ باد (نیوز پلس)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کرے بلکہ گارنٹی کا بندوبست کرے ۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے لیکن شریف فیملی میں مسلم لیگ نون کی لیڈر شپ کی جنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری اور کئی دیگر ملزمان بھی نوازشریف کی مثال حاصل کرنا چاہیں گے، مگر پراسس کئے بغیر باہر بھیجنا عملی طور پر نا ممکن ہے۔بعدازاں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کل طویل میٹنگ ہوئی، وزیراعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے، انسانی بنیاد پر کابینہ نے معاملے کا جائزہ لیا ہے، کابینہ نے نوازشریف کو انسانی بنیادوں باہر جانے کی اجازت دی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ذیلی کمیٹی کہہ رہی ہے کہ ماضی میں کوئی ایسی مثال نہیں ہے، نوازشریف کوئی ایسی گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہوکر وہ واپس آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کراتے رہے، جبکہ حسین نواز اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے، برطانیہ میں انہوں نے اپنی جائیدادیں چھپا ئی ہوئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ آج انہیں بغیر شک جانے دیں گے تو کل آصف زرداری، خورشید شاہ بھی باہر جانے کا کہیں گے اورادھر 3 ہزار قیدیوں نے جیل سے نکلنے کی درخواستیں دائرکی ہیں، ہم نے مثال قائم کرنی ہے اور بیلنس قائم کیا ہے، یہ مثال باقی لوگوں کے لیے بھی ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت ای سی ایل سے نام نکال دے تو ہمارا کوئی مسئلہ نہیں، اب ساری ذمہ داری ہم پر ڈال دی گئی ہے، ہماری طرف سے کوئی تاخیرنہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے تاخیر ہو رہی ہے اور اس سے نواز لیگ کی ہی ساکھ متاثر ہورہی ہے،اورنوازشریف کی صحت سے پیسہ زیادہ اہم نہیں ہے۔وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، مولانا جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں ہم دیکھنے کے لیے بیٹھے ہیں۔