اسلام آباد: (نیوز پلس)معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس قومی ایجنڈے پر سب متفق ہیں، وزیراعظم مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عمران خان نے تمام اداروں میں ریفارمز متعارف کروائیں۔ا سلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بچے دودھ اور بیمار ادویات کو ترس رہے ہیں، حق کیلئے آواز اٹھانے والا بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنتا ہے۔ گزشتہ کئی ہفتے سے مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف قومی بیانیہ لے کر آگے چل رہے ہیں، کشمیر کاز کیلئے ہم نے اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال دیئے۔ وزیراعظم مسلسل مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، انھوں نے ایک سال میں نئے پاکستان کی تکمیل کی اس کے باوجود بدترین تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم سب میڈیا کے ذریعے عوام کو جوابدہ ہیں، چند افراد اور ایلیٹ کلاس عوام کے حقوق چھینتے رہے۔ ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت تھی، وزیر اعظم نے ہر ادارے میں ریفارمز متعارف کرائیں۔ ریلوے خسارے میں ملا، انتھک محنت سے پاؤں پر کھڑا کیا۔ انصاف اور احساس تک معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی، احساس پروگرام کیلئے 152 ارب روپے مختص کیے ہیں۔