لاہور (نیوزپلس) محمد زاہد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بولنگ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر بننے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مختلف تقرریاں کیں جن میں بولنگ کوچ کی حیثیت سے سابق فاسٹ بولر محمد زاہد کی بھی تقرری شامل تھی۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ہیڈ آف انٹر نیشنل پلئیر ز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق ، فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ کوچ عتیق الزمان کی طرح محمد زاہد بھی انگلینڈ میں رہائش پذیر ہیں اور محمد زاہد دسمبر میں اپنی فیملی کے پاس چھٹیاں گزارنے گئے جس کے بعد واپس نہیں آئے۔
ذرائع کے مطابق محمد زاہد کی فیملی نہیں چاہتی تھی کہ وہ پاکستان جا کر دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالیں اور ان کی فیملی محمد زاہد کے ساتھ ہی انگلینڈ میں رہنے کی خواہشمند تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا محمد زاہد ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے دستبردار ہوئے ہیں اور ان کے متبادل کے لیے تقرری کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔