کراچی (نیوز پلس)سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاہے کہ ہمیں لیاری کے نوجوانوں پر فخر ہے۔ یہ نوجوان نہ صرف لیاری بلکہ سندھ اور ملک کا اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو ہم پروموٹ کریں گے، تفصیلات کے مطابق لیاری فٹ بال ہاوٗس میں نوجوان فٹ بالرز میں چیکس تقسیم کرنے کی منعقدہ تقریب میں بیرسٹر مرتضی وہاب نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور قطر میں فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں چیکس تقسیم کیے۔ حکومت سندھ کی طرف سے مرتضی وہاب نے کھلاڑیوں میں فی کس ایک لاکھ روپے اور کوچ کو دو لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے ایک لاکھ روپے کے چیکس ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہیں جبکہ سندھ حکومت ان بچوں کی سرپرستی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لیاری میں کھیلوں کے حوالے سے بھرپور ٹیلنٹ ہے، ہم اس ٹیلنٹ کو اُجاگر کریں گے اور لیاری کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گیاور یہاں سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھی سندھ حکومت کردار ادا کررہی ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کو ہم پروموٹ کریں گے، کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف پروگرامز ترتیب دیں گے اور لیاری کے حوالے سے تمام منفی پروپگنڈہ ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کوچز اور پورے لیاری و ملیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان بچوں کے ساتھ فٹ بال کھیلی اور ان بچوں کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج وہ کیش پرائز دینے کے لیے میں خود آیا ہوں، ہم نے دوسروں کی طرح یوٹرن نہیں لیا بلکہ اپنے وعدے کو وفا کیا ہے۔