لاہور اور دہلی میں کافی مماثلت ہے، ثانیہ مرزا
کھانا پینا، رہن سہن، بول چال سب ایک جیسا ہی ہے، انٹرویو کا کلپ وائرل
بھارتی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ انہیں لاہور اور دہلی میں کافی مماثلت لگتی ہے، ان کا کھانا پینا، رہن سہن، بول چال سب ایک جیسا ہی ہے۔
حال ہی میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ماضی میں دیے گیے ایک انٹڑویو کا ویڈیو کلپ بہت وائرل ہورہا ہے۔ غالبا یہ ویڈیو 2022 کا ہے جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر کے علاوہ پاکستان اور بھارت میں مماثلت اور فرق کے حوالے سے گفتگو کی۔انہوں نے دوران انٹرویو ایک سوال کہ انہیں پاکستان اور بھارت میں کیا مماثلت اور فرق نظر آتا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ چونکہ شعیب ملک (پاکستانی کرکٹر اور ان کے سابق شوہرکے والدین اور دیگر اہل خانہ پاکستان میں رہتے ہیں اس لیے ہم خاص طور سے اذہان ان سے ملنے کے لیے ہر سال پاکستان جاتے ہیں یا پھر وہ یہاں (دبئی)آجاتے ہیں مگر سال میں ایک مرتبہ۔
انہوں نے پاک بھارت اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کے عوام میں مماثلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چونکہ میرا تعلق جنوبی ہندوستان سے اس لیے مجھے دونوں ممالک کے لوگوں اور ثقافتوں میں کافی فرق محسوس ہوتا ہے لیکن اگر میں دہلی سے ہوتی تو مجھے اتنا فرق محسوس نہیں ہوتا کیونکہ دہلی اور لاہور کی ثقافت میں کوئی فرق نہیں ہے۔
انہوں نے لاہور اور دہلی کے درمیان یکسانیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی پنجابی ہیں اس لیے ان کا رہن سہن، کھانا پینا، بول چال سب ایک جیسا ہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تمام تر یکسانیت کے باوجود دونوں ممالک کے لوگوں کے لہجے میں باریک سا فرق ہے، جسے کم از کم میں تو پہچان سکتی ہوں کہ سامنے بات کرنے والا پاکستانی ہے یا بھارتی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے شعیب اور ثانیہ کی علیحدگی کی تصدیق کر دی تھی۔