قوم 8فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہارکر کے فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرے۔ سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ حکمران پارٹیوں نے سیاست کو شطرنج کا کھیل بنایا ہے، الیکشن میں ان کی کامیابی عوام کی ناکامی ہو گی۔ سابقہ حکمرانوں نے قانون کی بجائے اپنی بادشاہتیں قائم کیں، اب یہ دوبارہ انہی خواہشات کی تکمیل کے لیے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا نے نااہل حکمرانوں کے چہروں سے نقاب اتار دیے ہیں، قوم 8فروری کو سٹیٹس کو کے خاتمے کے لیے ووٹ کرے گی، ترازو امن، انصاف اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں عوامی اجتماعات اور مدرسہ حیاة المسملین تیمرگرہ میں تقریب تکمیل بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب اور سابق تحصیل ناظم ہمایوں خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قوم کو قرضوں کی زنجیروں میں باندھا، یہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک سے قرضے لائے اور اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا، ادائیگی کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی معیشت کی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری میں برابر کی شریک ہیں، انھوں نے ناکام حکومتیں کیں اور ڈلیور نہیں کر سکیں، ملک کا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں اسے اچھی حکمرانی درکار ہے۔ جماعت اسلامی اداروں میں اصلاحات پر یقین رکھتی ہے، ٹیکسوں کا موجودہ نظام فرسودہ ہے، اقتدار میں آ کر عوام کی کرپٹ سسٹم سے جان چھڑائیں گے، وسائل کا رخ شہریوں کی فلاح و بہبود کی طرف موڑا جائے گا، زمین اور کارخانوں کی پیداوار کے منافع میں ہاریوں اور مزدوروں کو شریک کریں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے، گزشتہ سات دہائیوں سے ان پر مسلط کرپٹ طبقات سے جان چھڑانے کا بہترین موقع 8فروری کا دن ہو گا۔
جماعت اسلامی کا درینہ موقف ہے کہ ملک میں جمہور کی بالادستی قائم ہو، عدالتیں چہروں کی بجائے میرٹ دیکھ کر فیصلے کریں، امیر اور غریب کے لیے یکساں قانون ہو، انھیں تعلیم اور صحت کی بھی تمام سہولتیں برابری کی بنیاد پر میسر ہوں، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ملک کو افرادی قوت اور وسائل کی بے پناہ دولت سے نوازا ہے، یہ 25کروڑ عوام کا ایٹمی پاکستان ہے، اسلامیان برصغیر نے ملک کی آزادی کے لیے خون بہایا، جانیں گنوائیں اور مال کی قربانیاں دیں تاہم بدقسمتی سے گزشتہ 70برسوں میں ملک کے قیام کا مقصد پورا نہیں ہو سکا، اس کی وجہ وہ ٹولہ ہے جو خاندانوں، ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں، مافیا اور ڈکٹیٹروں کی صورت میں قوم پر مسلط ہے۔
نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیاں دو فیصداشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، یہ عوام کی بجائے ہمیشہ اپنے مفادات دیکھتی ہیں، جماعت اسلامی نے محدود وسائل اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی عوامی خدمت کی مثالیں قائم کیں جس کی ستائش عالمی سطح پر ہوئی۔ عوام کی مدد سے اقتدار میں آ کر ملک میں انصاف، امن اور خوشحالی لائیں گے۔
جماعت اسلامی نے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر پڑھے لکھے، ایماندار اور اکثریت میں نوجوانوں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں جو عوام کے حقیقی نمائندگان ہیں، قوم سے اپیل ہے کہ وہ 8فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہارکر کے فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرے۔