اسلام آباد (نیوز پلس) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنیوا اعلامیہ پاکستان کی مثبت کوششوں کا تسلسل ہے، قوم نے متحد ہو کر کشمیریوں کو یکجہتی کا پیغام دینا ہے،وزیراعظم کل مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ اسلام آ باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ لوگ قوم کو تقسیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سندھ میں گورنر راج کی بات نہیں کی، آرٹیکل 149 کے حوالے سے وزیر قانون کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہا کہ سندھ کو نانا جی کی دکان سمجھنے والوں کو گندگی کے ڈھیر نظر نہیں آتے، حیدر آباد اور کراچی سندھ کے دو بڑے شہر ہیں وہاں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ بیڈ گورننس کا خمیازہ سندھ کی عوام بھگت رہے ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا مزیدکہنا تھا کہ سندھ حکومت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔