فیض حمید کی سزا کا فیصلہ تاریخی ہے، بانی پی ٹی آئی اور جنرل فیض اپنے دورکے فرعون تھے ،بلاول بھٹو زرداری
فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ابھی باقی ہے، وہ طاقت کے نشے میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے رہے، گفتگو
چنیوٹ: (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ فیض حمید کی سزا کا فیصلہ تاریخی ہے، یہ پیغام ہے کہ آئندہ ایسی غلطیاں نہ کی جائیں۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ابھی باقی ہے، وہ طاقت کے نشے میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے رہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں ہر کسی کو جیل بھیجنا چاہتے تھے، آج وہ خود جیل میں ہیں اور یہ مکافاتِ عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے، وہ آج مکافاتِ عمل سے گزر رہے ہیں، انہیں اسی زندگی میں اپنے جرائم کا جواب دینا پڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی اور جنرل فیض اپنے دورکے فرعون تھے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج کا آپشن ضرور موجو دہے، وہاں گورنر راج کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ہم نے آئینی عدالت بنانے کا وعدہ پورا کیا ہے۔
