Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا اورہمیں ہمارا حق مل گیا، پی ٹی آئی

 فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا اورہمیں ہمارا حق مل گیا،  پی ٹی آئی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستن تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہمارا حق مل گیا۔

پاکستان تحریک انصاف  نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا ، عوام رب کا شکر ادا کریں اور نوافل ادا کریں، ہمارا حق آخر کار ہمیں مل گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ عدالتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،

 فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی تاریخ میں آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فارم 47 کے ذریعے لوگ منتخب کروائے گئے، جب تک ہماری تمام سیٹیں واپس نہیں ملتیں جدوجہد جاری رہے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مخصوص نشستیں تو مل گئیں، فارم 47 کے ذریعے چھینی گئی سیٹیں بھی دی جائیں۔

 ان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 25 کروڑ عوام  اور جمہوری قوتوں کے لیے خوشی کا دن ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، سپریم کورٹ کے 11 ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کیلئے  حق و انصاف کا فیصلہ دیا، 25 کروڑ عوام، جمہوری اور محب وطن قوتوں کے لئے خوشی کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام رب کا شکر ادا کریں اور نوافل ادا کریں، پی ٹی آئی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا، ہمارا حق آخر کار ہمیں مل گیا ہے، ہر ججز نے اپنے نوٹ میں یہی کہا کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کی حق دار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آٹھ پانچ کے تناسب سے فیصلے میں یہی کہا گیا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو ملیں، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے احکامات پر فورا عمل کرے، الیکشن کمشن پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ اسی ہفتے دے۔

علاوہ ازیں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا آج سنہرا دن ہے، پاکستان کی تاریخ میں آج کا دن اہم ہے، جب طاقتور اور جابر کے ارادوں کو عدالت نے مات دی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستیں مال غنیمت سمجھ کر بانٹنے کے ارادے پاش پاش ہوگئے، آج کا دن ہمارے آئین کے لئے بہت بڑا دن ہے، جب آئین کا حلیہ بگاڑنے والوں کے ارادے پاش پاش ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی 8 فروری کی رائے کو سلب کیا گیا، ہماری منزل عوام کی رائے کو منوانا ہے، ابھی قانونی جنگ جیتی ہے، سیاسی جنگ بھی جیتنی ہے۔سلما ن اکرم نے کہا کہ ہماری منزل جمہوریت اور آئین کی بالادستی اور عوام کے ارادے سلب کرنے والوں کی شکست ہے، ہم ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔

علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو آئین کی جیت مبارک ہو، آج بھی قیدیوں کی وین شاہراہ دستور پر دکھائی دی، شاہراہ دستور پر قیدیوں کی وین اور بڑے بڑے ٹرک لانے کا سلسلہ بند کرو۔علی محمد خان نے کہا کہ ملک کو کالے کوٹ نے بنایا تھا، قائد اعظم کا فرمان تھا سب لوگ اپنا اپنا کام کریں، قائد اعظم نے کہا تھا پالیسی سویلین بنائیں گے اور ادارے اس پر عمل درآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج آئین کی جیت ہوئی ہے، کام ابھی ادھورا ہے، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More