غیر قانونی نقل مکانی سنگین عالمی مسئلہ ہے، اعظم نذیر تارڑ
انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں
وفاقی وزیر قانون و انصاف کارپورٹ کے اجراکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، غیر قانونی نقل مکانی ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے اور یہ بنیادی طور پر یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو ایسا ماحول فراہم کرے جہاں وہ اپنے ملک میں اپنا مستقبل دیکھ سکیں لیکن یہ ماحول تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہی پیدا کیا جا سکتا ہے۔
قومی کمیشن برائے انسانی حقوق(این سی ایچ آر) کی جانب سے منگل کو پاکستان سے بے قاعدہ ہجرت پر رپورٹ کے اجراکے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ بے قاعدہ ہجرت کے سنگین مسئلے کے حل سے قبل اس کا پس منظر دیکھنا ہوگا اور ان وجوہات کا احاطہ کرنا ہوگا جن کے باعث لوگ اپنے پیاروں کو چھوڑ کر کسی دوسری جگہ جانے پر مجبور ہوتے ہیں،ان وجوہات میں سب سے بڑی وجہ معاشی عدم استحکام ہوسکتا ہے جس کی وجہ وہ اپنے بہن بھائیوں ،ماں باپ اور دیگر پیاروں کو چھوڑ کر کسی دوسری جگہ مشکل حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ،بحیثیت ریاست پاکستان کو اس مسئلے کا سامنا ہے ،غیر قانونی نقل مکانی کے دوران متعدد تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے ،اس عمل کے دوران متعدد جان لیوا واقعات بھی رونما ہوتے دیکھے گئے ہیں ،ان حادثات سے بچ جانے والے انسانی سمگلرز کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جو انہیں انتہائی کم قیمت پر غلامی کی زندگی میں دھکیل دیتے ہیں اور یوں مستقبل کے سہانے خواب دیکھنے والے عمر بھر کے لئے دلدل میں دھنس جاتے ہیں ۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ غیر قانونی نقل مکانی کے حوالے سے درپیش کثیر الجہتی مسائل سے نمٹنا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے اور لوگوں کو ایک سازگار ماحول کی فراہمی ہونی چاہئے ،اگر کوئی بھی فرد اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے بل بوتے پر کسی بھی ملک جانا چاہے تو اس کے لئے آسانیاں فراہم کی جانی چاہیئں اور اس مقصد کے لئے قواعد و ضوابط میں نرمی ضروری ہے۔وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے این سی ایچ آر کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ یہ رپورٹ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔
اس رپورٹ کی بدولت ان اقدامات کی جانب پیش رفت میں معاونت ملے گی جوکہ غیر قانونی نقل مکانی روکنے کے لئے ماضی میں نہیں کئے جاسکے ۔
انہوں نے کہاکہ این سی ایچ آر کی یہ رپورٹ کابینہ سمیت تمام متعلقہ فورمز میں پیش کی جائے گی تاکہ پاکستان سے غیر قانونی نقل مکانی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے یقین دلایاکہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایاجائے گا۔۔