لاہور (نیوز پلس) سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مائنس ون کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا عمران خان ہیں تو تحریک انصاف کا وجود ہے۔مائنس تو مریم نواز ہورہی ہیں۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ہوتے ہوئے مریم نواز کا تیمارداری کیلئے لندن جانا سمجھ سے بالاتر ہے جن لوگوں پر کیسز ہیں وہ ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔ نوا شریف کی تیمار داری کیلئے ان کے بیٹے اور شہباز شریف وہاں موجود ہیں۔ جن پر کیسز ہیں وہ خود کو بچانے کے لئے فرار ہو رہے ہیں۔ سردار اختر مینگل اور چوہدری برادران کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے جہانگیر ترین کہا کہ سردار اختر مینگل سے بات ہوئی ہے، مل بیٹھ کرمسائل حل کرلیں گے۔ جبکہ چوہدری برادران کے کوئی تحفظات نہیں ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری اور اپوزیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ مل بیٹھیں۔ پارلیمنٹ سپریم ہے، قانون سازی کرسکتی ہے۔