عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی
احتجاج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیا جائے گا ، ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا کہ پورے پاکستان نے نکلنا ہے ۔ علیمہ خان ، عمران خان نے کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کہ کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہو گا، فیصل چوہدری
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی کال دے دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے، بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔
فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈر شپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کہ کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہو گا ۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔
اس موقع پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دی ہے جبکہ احتجاج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے کچھ لوگوں کو ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے) بنایا گیا اور ان گنے چنے لوگوں سے مرضی کی قانون سازی کرائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’’ بانی پی ٹی آئی نے آج کہا ہے، میں براہ راست مخاطب ہو رہا ہوں، اپنے کسانوں سے کہتا ہوں آپ کا مستقبل بہتر تاریک ہے، ملکی حالات کے پیش نظر کسانوں کو نکلنا ہوگا، وکلا سے کہتا ہوں آپ کو قانون کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، سوشل سوسائٹی سے متعلق کہا ہر شہری کو اپنے حقوق کیلئے نکلنا ہوگا، طلبا کو کہا آپ نے اپنے مستقبل کیلئے نکلنا ہے ‘‘۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمرا ن خان نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا کہ پورے پاکستان نے نکلنا ہے ۔ علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے تمام ٹکٹ ہولڈرز اور تمام کارکنوں کو نکلنے کو کہا ہے تاکہ فیصلہ کیا جا سکے کہ انہیں آزادی میں رہنا ہے یا مارشل لاء میں رہنا ہے ۔