کراچی(نیوز پلس) وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب نے حکومت سندھ پر گیس بحران کے حوالے سے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گیس بحران خود حکومت سندھ کا پیدا کردہ ہے پائپ لائن کیلئے راستہ نہ دے کر سندھ حکومت نے عوام سے زیادتی کی۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے آرٹیکل 158 کے تحت ایل این جی درآمد سے انکار کیا، حکومت سندھ اپنی من مانی کی سزا عوام کو نہ دے، حکومت مطلوبہ راستہ دے تو پائپ لائن بچھا کر بحران حل کر دیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں اچانک سردی بڑھنے سے گیس پریشر میں کمی آئی ہے موسم کے پیش نظر اس سال 12 فی صد گیس کی رسد بڑھا دی گئی ہے تاہم حکومت گیس کا بحران حل کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے عوام کو ریلیف دینے کیلئے دو بڑی گیس پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں لیکن سندھ حکومت راستہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے لائنیں بچھانے کا کام مکمل نہیں ہو سکا۔بعد ازاں عمر ایوب نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) دفتر کراچی کا دورہ کیا اور اسے گیس فراہمی میں بہتری کی ہدایت کی۔ جب کہ اعلیٰ حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس جی سی سسٹم میں گیس کی 350 ایم ایم سی ایف ڈی کمی ہے۔واضح رہے کہ موسم سرما کی وجہ سے کراچی میں قدرتی گیس کا بحران سنگین صورت اختیار کرچکا ہے جبکہ صنعت کاروں کے مطابق گیس کمی کی وجہ سے صنعتیں سرگرمیاں رک چکی ہیں۔