کراچی (نیوزپلس) معروف اداکارہ و ماڈل مہربانو نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ دوران شوٹنگ مجھے سیٹ پر مائیک والے کی جانب سے ہراساں کیا گیا،تاہم اس وقت میں کم عمر تھی لہذا نہیں سمجھ پا رہی تھی کہ یہ کیا ہو رہا ہے بس حیران تھی، یہ انکشاف انہوں نے ایک ویب ٹی وی کو دیتے ہوئے کیا، مہر بانو نے بتایا کہ جب پہلی بار ہراساں کیا گیا تو انہیں صباء قمر نے بچایا تھا۔ہراسانی پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں مہر بانو نے اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کیا،اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت سیٹ پر صبا قمر بھی موجود تھی اور یہ بات میں نے صبا کو بتائی تو انہوں نے میرے لئے آواز اٹھائی اور اس مائیک والے کو شوٹنگ سے نکلوا دیا۔
مہر بانو نے مزید بتایاکہ ’مجھے یاد ہے یہ وہ واحد لمحہ تھا جب کسی ساتھی اداکار نے مجھے تحفظ دیا اور میرے لیے مضبوط اسٹینڈ لیا تھا، اس لمحے مجھے سمجھ آیا کہ مجھے شعور کی ضرورت ہے جس سے میں جان سکوں میرے ساتھ اور دوسروں کے ساتھ کیا ہورہا ہے تاکہ میں آواز اٹھاسکوں‘۔مہر بانو کا بتانا تھا کہ ’اس واقعے کے بعد احساس ہوا کہ آپ کسی بھی وقت کسی کے بھی ہاتھوں ہراسانی کا شکار ہوسکتے ہیں، اسی لیے خود کو مضبوط بنانا چاہیے اور اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں‘۔