Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان

شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں امن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے فوری اور مؤثر ردعمل کو سراہتے ہوئے بہادر جوانوں کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت کارروائی قابلِ ستائش ہے اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صبح فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوانوں نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ گزشتہ دو روز میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 70 دہشت گرد مارے گئے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یہ عظیم قربانیاں ہیں اور شہداء کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More