لاہور (نیوزپلس) صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے اور اب ان کے گھبرانے کا وقت آنے والا ہے
لاہور میں اپنے خطاب میں شہاز شریف نے حکومت گرانے کی کال دیتے ہوئے عوام سے کہا کہ آپ تیاری کریں ،لنگوٹیں کسیں اگر حکومت سے فوری جان نہ چھڑائی تو خاکم بہ دہن پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے ،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاست اصل میں عوامی خدمات کا نام ہے، سیاست نام ہے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کا، سیاست نام ہے لوگوں کو سہولتیں مہیاکرنے ،مہنگائی ختم کرنےکا۔
اپوزیشن لیڈر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے گھبرانے کا وقت آنےوالا ہے ، پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز تھا عمران نیازی نے اس کا جنازہ نکال دیا، پی کے ایل آئی میں دنیا بھر سے ڈاکٹر لے کر آئے، ساڑھے تین برس میں معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، عمران نیازی اور حکومت نے اسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر تو دور کی بات ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی، عمران نیازی کواس سے غرض نہیں تھی کہ یہاں غریبوں کاعلاج ہو، عمران نیازی کو اس بات سے تکلیف تھی کہ یہ منصوبہ ن لیگ نے بنایا، وقت آگیا ہے کہ ان کا گریبان ہو اور ہمارا اور آپ کاہاتھ ہو، تختیوں سے بات نہیں چلے گی ۔