شوہرسے طلاق کے بعد پچھتا رہی ہوں ، حبا علی خان
نہ میرے شوہر برے تھے اور نہ مجھ میں کوئی خامی یا کمی تھی،بس ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے طلاق کا فیصلہ لیا تھا،انٹرویو
لاہور: ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ حبا علی خان نے کہا ہے کہ انہوں نے طلاق کا فیصلہ شوہر کے ساتھ رات کے کھانے کی میز پر کیا تھا، آج بھی وہ کہیں نہ کہیں اس فیصلے پر پچھتا رہی ہیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہاکہ کیریئر کے آغاز میں ہی میں نے شادی کر لی تھی اور بعد ازاں اداکاری سے کچھ وقت تک وقفہ لیا تھا، پھر چند سال تک شوبز میں واپس آنے کا نہیں سوچا۔حبا علی خان نے بتایا کہ پھر میرے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تو میں نے اداکاری سے مزید وقفہ لے لیا اور پھر کچھ ہی عرصے بعد میری طلاق ہو گئی تھی۔
حبا علی خان نے کہا کہ طلاق کے بعد لوگوں کی طرح طرح کی باتیں سننے کی وجہ سے میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی اور کئی برسوں تک ذہنی مسائل کا شکار رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیئے: قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اداکارہ ثناء
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ نہ میرے شوہر برے تھے اور نہ مجھ میں کوئی خامی یا کمی تھی،بس ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے طلاق کا فیصلہ لیا تھا، طلاق سے متعلق شوہر سے بات رات کے کھانے کے دوران کی تھی، ہمارے درمیان اس وقت بھی کوئی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا تھا۔
انٹرویو کے دوران حبا علی خان نے کہا کہ میں کبھی کبھار خود کو طلاق کی وجہ ٹھہراتی تھی، آج بھی میری سوچ ہے کہ ایک تو مجھے شادی نہیں کرنی چاہیے تھی، اگر شادی کر لی تھی تو نبھانی چاہیے تھی کیوں کہ میری طلاق کے دوران میرے خاندان میں بہت سی خواتین اپنے گھروں کو بچا رہی تھیں، میں بھی تھوڑا برداشت کر لیتی، میرے والدین میں بھی لڑائیاں ہوتی تھیں۔
اداکارہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں اکثر سوچتی ہوں کہ میں نے برداشت کیوں نہیں کیا، مجھے بیٹے کے بعد اپنے اندر تھوڑی لچک پیدا کر لینی چاہیے تھی، میں خود کو سمجھا لیتی کہ اگر اس شخص میں 4چیزیں اچھی ہیں اور دو بری ہیں تو کیا ہوا۔