شمالی وزیرستان: افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 3 خوارج ہلاک
پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاکہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کا استعمال روکے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔