شازل شوکت کا لائیو شو میں ایک شخص سے اظہارِ محبت اور بڑا اعلان
میری زندگی میں ایک خاص شخص موجود ہے، جس سے بے پناہ محبت کرتی ہوں،اداکارہ
کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی پرکشش اداکارہ شازل شوکت نے لائیو شو کے دوران اظہارِ محبت کرتے ہوئے اپنی شادی کا اعلان کر دیا۔
اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ میری زندگی میں ایک خاص شخص موجود ہے، جس سے بے پناہ محبت کرتی ہوں۔میزبان کے اصرار پر اداکارہ نے بتایا کہ اس شخص کو ’بے بی‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہوں اور دورانِ شو انہوں نے محبت کا اعتراف کرتے ہوئے ’بے بی آئی لو یو‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
لائیو شو کے دوران شازل شوکت کا یہ بے باک انداز دیکھ کر میزبان نے کہا کہ جس طرح آپ نے لائیو شو میں اظہارِ محبت کیا ہے لگتا ہے چند مہینوں میں شہنائیاں بجنے والی ہیں، جس پر اداکارہ خاموش رہیں اور انہوں نے اثبات میں اپنا سر ہلا کر ہامی بھری۔
شازل شوکت نے اس موقع پر اس خاص شخص کی خوبیاں بھی بیان کیں اور بتایا کہ وہ ہر چھوٹے بڑے شخص کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آتا ہے، مجھے اس کی یہی ادا بے حد متاثر کرتی ہے، اس کی جانب متوجہ کرتی ہے کہ وہ ناصرف اپنے اردگرد بلکہ میرے اردگرد موجود تمام افراد کی عزت کرتا ہے اور سب کے ساتھ پیار و محبت سے پیش آتا ہے۔