Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشتگردوں کا حملہ ۔ 4 خوارج ہلاک ، 4 جوان وطن پر قربان

سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشتگردوں کا حملہ ۔ 4 خوارج ہلاک ، 4 جوان وطن پر قربان

حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود خوارج نے کی، آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے چار بہادر سپوت شہید اور چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ حملہ 19 دسمبر کو بویا کے علاقے میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے کیا۔ دہشت گرد کیمپ کی بیرونی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش میں ناکام رہے، تاہم مایوسی کے عالم میں انہوں نے بارود سے لدی گاڑی کیمپ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے دیوار منہدم ہو گئی اور قریبی انفراسٹرکچر بشمول ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔

حملے کے دوران مقامی آبادی کے 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے غیرمتزلزل جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مؤثر مقابلہ کیا اور چار دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

شہداء میں حوالدار محمد وقاص، نائیک خانویز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شامل ہیں، جنہوں نے بہادری کے ساتھ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دہشت گردی افغانستان میں موجود خوارج کی منصوبہ بندی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے، اور پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور وہ خوارج، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف ہر ضروری اقدام کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More