سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں آپریشنز، 9 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خبیر پختونخوا میں 2 الگ آپریشنز میں 9 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، فورسز نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کرلیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج مارے گئے جبکہ 2 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں 37 سالہ حوالدار محمد زاہد اور 26 سالہ سپاہی آفتاب علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور واقعے میں جو جنرل ایریا مدی، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوا، سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، نتیجتاً 2 خوارج ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، اس علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے خوارجی کو ختم کرنے کے لئے سینیٹائزیشن کی جا رہی ہے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کنے کے لئے پرعزم ہیں۔