سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختنونخوا میں کاروائیاں، 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک ، کیپٹن سمیت 2 شہید
پاک فوج کے شعبئہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے خیبر پختونخوا میں دو مخلتف آپریشنز میں 8 خوارج واصل جہنم ہو گئے م خوارج کے خلاف آپریشن 29 نومبر سے یکم دسمبر کو کئے گئے ،
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر موثر انداز میں کارروائی کی۔
بکاخیل آپریشن میں پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ اس کارروائی کے دوران سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے شگئی میں ایک اور کارروائی کی جس میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کو سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر میں ہونے والے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید ہوگئے جبکہ مارے گئے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
26 سالہ شہید کیپٹن محمد زوہیب کا تعلق لاہور سے ہے، انہوں نے 3 سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔
29 سالہ سپاہی افتخار حسین شہید کا تعلق ضلع جھنگ سے ہے، سپاہی افتخار حسین شہید نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کی خدمات سر انجام دیں۔ سپاہی افتخار حسین شہید نے سوگواران میں اہلیہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس کا عمل جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
کیپٹن محمد زوہیبُ دین اور سپاہی افتخار حسین شہید کی نماز جنازہ ادا
29 اور 30 نومبر 2024 کو بنوں اور خیبر میں فتنة الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیبُ دین شہید( عمر: 26 سال، ساکن ضلع لاہور) اور lسپاہی افتخار حسین شہید (عمر: 29 سال، ساکن ضلع جھنگ) کی نماز جنازہ پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں لفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری ، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی۔
کیپٹن زوہیبُ دین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو انکے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
دفاع وطن میں ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اور عزم کو تقویت دیتی ہیں
پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پُر عزم ہیں
صدر مملکت کا بنوں اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع بنوں اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔
اتوار کو ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے دو مختلف کاروائیوں کے دوران آٹھ خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔صدر مملکت نے کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے دفاع وطن کی خاطر بڑی قربانی پیش کرنے پر شہداء کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملکی سلامتی کی خاطر شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔
آصف علی زر داری نے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی سیکیورٹی فورسز کا خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین نے جان قربان کرکے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوئے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کی تحسین کی ہے اور کہا کہ 8 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں سیدلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہید کیپٹن زوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔