سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز، سری لنکا نے زمبابوے کو شکست دیدی
فائنل میں رسائی کیلئے زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا
سہ ملکی سیریز کا چھٹا میچ (کل) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان، فائنل 29نومبر کو کھیلا جائے گا
راولپنڈی: (اسپورٹس رپورٹر) سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے زمبابوے کو 9وکٹوں سے شکست دے دی۔ جاری سہ ملکی سیریزمیں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو ایک، ایک میچ میں شکست دے چکی ہیں اور اب فائنل میں رسائی کیلئے زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں زمبابوے کے کپتان سکندررضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنائے۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ5اور دوسری 17کے مجموعی سکور پر گری تاہم اس کے بعد آنیوالے بلے باز محتاط انداز میں کھیلتے رہے،
زمبابوے کی جانب سے سکندررضا37، برائن بینٹ34اور ریان برل37رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا اور ونندو ہاسارنگا نے 2، 2جبکہ داسن شناکا نے 1وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکاکی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2اوور زمیں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔سری لنکا کے کامل مشرا12رنز بنا کر بریڈ ایونس کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ کوسال میندس 25اور پاتھم نسانکا 11چوکوں اور4چھکوں کیساتھ 98رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
سری لنکا کے پاتھم نسانکا98رنز کی ناقابل شکست فاتحانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔اگر زمبابوے کی ٹیم یہ میچ جیت جاتی تو براہ راست فائنل میں پہنچ جاتی لیکن اب اگر سری لنکا اپنے چوتھے میچ میں پاکستان کیخلاف بھی جیتے تو پھر سری لنکن ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔سہ ملکی سیریز کا چھٹا میچ (کل) جمعرات27نومبر کوپاکستان اور سری لنکا کے درمیان جبکہ فائنل 29نومبر کو کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔
