کراچی(نیوز پلس)وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ سندھ میں صوبائی حکومت کے متبادل کے طور پر کسی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔سندھ مدرستہ الاسلام کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، پر ہم ابھی تک پولیو ختم نہیں کرسکے۔ آج پولیو سے متعلق اور پبلک سیفٹی پروجیکٹ پر اجلاس تھا، لیکن وزیراعظم نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو سیاسی میٹنگ کیلئے اسلام آباد بلالیا کے پی کے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے، منصفانہ تحقیقات کی جائے تو بہت سے چہرے بے نقاب ہوں گے۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی سندھ مدرستہ الاسلام پہنچے اور اسٹوڈنٹس کاؤنسل کے سال 2019-20 کے عہدیداروں سے حلف لیا۔اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ یونینز سیاستدان پیدا کرنے کی صنعت ہوتی ہے اور اس صنعت کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔