زمان پارک آپریشن کے دوران عمران خان کا پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے زمان آپریشن کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کا اعتراف کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں گفتگو کے دوران صحافی نے جب عمران خان سے سوال کیا کہ 9 مئی کے دن آپ کے لوگوں کے ہاتھوں پیٹرول بم دیکھے گئے جس کے جواب انہوں نے کہا کہ پیٹرول بم ہم نے زمان پارک لاہور میں استعمال کئے تھے اور کہیں نہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ ویڈیوز موجود ہیں مقامی عہدیدار پیٹرول بم حساس عمارتوں پر پھینک رہے تھے، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر کوئی تنظیمی عہدے دار پیٹرول بم پھینکنے میں ملوث ہے تو کڑی سزا دی جائے، ان سے کہا گیا کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو دیکھا گیا ہے، جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز نکالیں اور دیکھیں اس میں کون لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آرنے کہا کہ مافیا پیسے خرچ کر کے پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہمارے 16 لوگ شہید ہوئے، اس پر صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کے 16 لوگ شہید ہوئے تو پی ٹی آئی نے نام کیوں جاری نہیں کئے؟ جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اس حوالے سے کوئی بات نہ کریں۔
صحافی نے پوچھا کہ آپ نے ہمیں نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کی کہانیاں سنائیں، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اب الیکشن میں دھاندلی کرکے انہی لوگوں کو مسلط کیا گیا، فوج قومی ادارہ ہے اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں حسینہ واجد کے واقعہ کے بعد مجھے لگ رہا ہے ملک میں کچھ بڑا ہونے والا ہے میں ملک کی خاطر بات کرنے کو تیار ہوں کوئی بات نہیں کرنا چاہتا تو نہ کریں میں بھی نہیں کروں گا،
صحافی نے سوال کیا کہ شہباز گل، مراد سعید، قاسم سوری،فرح گوگی، احسن جمیل گجر فرار ہوئے انہیں واپس کیوں نہیں بلاتے؟، جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے ڈر نہیں لگتا یہاں ٹرائل نہیں ہوتا ڈالا آجاتا ہے۔
عمران خان مطالبہ کرتے ہوئے کہ مجھ سمیت نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور محسن نقوی کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے۔
اسلام آباد: عمران خان نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظلم ہمارے ساتھ ہوا، ہمارے 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، ہمیں الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، ہماری پارٹی پر پابندی لگائی گئی، ہم سانحہ 9 مئی کے متاثرہ ہیں ہم انصاف چاہتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے لوگ ملوث پائے گئے تو ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ہماری 25 مئی کی پٹیشن کو نہیں سنا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن آیا تو معافی مانگوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم فارم 47 والی حکومت سے کسی صورت بات نہیں کریں گے، معافی وہ مانگتا ہے جس نے غلطی کی ہے، ہم نے کوئی غلطی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے رینجرز نے گھسیٹا، پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں، کیا آپ کا حق نہیں کہ آپ مجھ سے معافی مانگیں۔