ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا ، وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ، ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا ، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرک گولڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا ، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ، بلوچستان میں معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے مواصلات کے انفراسٹرکچر، خصوصاً ریلوے لائن کے حوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی ۔
وزیراعظم نے بیرک گولڈ کو بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے جن میں سڑکوں اور مواصلات کے بہتر نظام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔بیرک گولڈ وفد نے وزیراعظم کو ریکو ڈک منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریکوڈک منصوبے کی فزیبلٹی اس سال کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی، ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے کے لئے مقامی اور بلوچستان ڈومیسائل کے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے ، بیرک گولڈ نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت ریکوڈک کے قریب تین سکولز قائم کئے ہیں ، بیرک گولڈ کی جانب سے اب تک سو افراد کو فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی