راولپنڈی(نیوز پلس) راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کی وجہ سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 62 شہری بخار کا شکار ہو گئے، ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1 ہزار 436 ہو گئی۔راولپنڈی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 62 شہری ڈینگی بخار کا شکار ہوئے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی ابتک تعداد 1436 تک پہنچ گئی ہے، پوٹھوہار ٹاون علاقوں سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 39 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جبکہ ائیر پورٹ ہاوسنگ سکیموں سے ملحقہ علاقوں میں مزید 29 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ کیا اور بی بی ایچ کے شعبہ ایمرجنسی اورڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈینگی مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ خصوصا ڈینگی مریضوں کوعلاج معالجہ میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو جدید طبی سہولہات کی فراہمی کیلئے اقدامات اولین ترجیح ہیں۔