اسلام آ باد (نیوز پلس)پبلک اکاوٗنٹس کمیٹی (پی اے سی)نے متفقہ طور پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کو چیئرمین منتخب کر لیا ہے، یہ عہدہ میاں شہباز شریف کے مستعفی ہونے کہ بعد خالی ہوا تھا۔چیئرمین منتخب ہونے کے بعد رانا تنویر حسین نے کہا کہ پبلک اکاوٗنٹس کمیٹی کی گزشتہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، مگر ہمیں اس کو مزید فعال بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اور خورشید شاہ نے بھی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ شہباز شریف نے تھوڑے عرصے کے لئے پبلک اکاوٗنٹس کمیٹی کی سربراہی کی مگر بہت اچھا کام کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر کام مشورے سے کرنا چاہتا ہوں مگر مجھے کارکردگی بھی چاہئے، سب کمیٹیزکو بھی اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا، ممبران کمیٹی نے رانا تنویر کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔