راستے بند کیئے تو تو وفاقی حکومت اپنا کام کرے گی عوام بھی انہیں جوتے مارے گی ۔ رانا ثنا اللہ
اسلام آباد (نیوزپلس) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس بار راستے بند کئے تو وفاقی حکومت اپنا کام کرے گی اور ساتھ عوام بھی انہیں جوتے مارے گی ۔
یہ بات وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنی صدارت میں وزارتِ داخلہ میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی دھرنا دینا چاہتی ہے، دھرنا ضرور دیں لیکن لوگوں کو تکلیف نہ پہنچائیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وفاق اور اس کی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکنے کی پیش بندی کریں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ عبدالرحمٰن کانجو، وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد اور سیکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔
خیبر پختون خوا کے آئی جی معظم جاہ اور چیف سیکریٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں شریک شرکاء نے وزیر داخلہ کو پی ٹی آئی کے جلسے اور سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی اورساتھ اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی کی وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔