دو دہائیوں بعد پاکستان میں سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے کامیاب بولیاں
آف شور ایریاز میں تیل و گیس کے 23 بلاکس کے لیے کامیاب بولیاں موصول ہوئی ہیں ، پیٹرولیم ڈویژن
اسلام آباد: دو دہائیوں کے وقفے کے بعد پاکستان میں سمندر کے اندر تیل و گیس کی تلاش کے لیے کامیاب بولیاں مکمل ہو گئی ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، لائسنسز کے پہلے مرحلے میں تقریباً 80 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جب کہ ڈرلنگ کے آغاز کے بعد یہ سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آف شور ایریاز میں تیل و گیس کے 23 بلاکس کے لیے کامیاب بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ بڈنگ راؤنڈ ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ انڈس اور مکران بیسن میں بیک وقت ایکسپلوریشن کی حکمتِ عملی کامیاب رہی ہے۔ کامیاب بولیوں کا مجموعی رقبہ 53 ہزار 510 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ایک امریکی ادارے کی حالیہ اسٹڈی کے مطابق پاکستان کے سمندری علاقے میں تقریباً 100 ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ممکنہ ذخائر موجود ہیں۔ انہی امکانات کی بنیاد پر آف شور راؤنڈ 2025 کا آغاز کیا گیا، جو اب کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔
