دورہ آسٹریلیا کیلئے صاحبزادہ فرحان پاکستان شاہینز کے کپتان مقرر
پاکستان شاہینز کے دورہ آسٹریلیا کے لیے روانگی میں تبدیلی، اب شاہینز (آج)علی الصبح پونے تین بجے آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونگے
اسلام آباد : پاکستان کرکٹ بورڈ نے صاحبزادہ فرحان کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا، وہ دورہ آسٹریلیا میں بنگلہ دیش اے کے خلاف ریڈ بال سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
پاکستان شاہینز کے دورہ آسٹریلیا کے لیے روانگی میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب شاہینز ہفتے کی علی الصبح پونے تین بجے آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ٹیم براستہ دبئی برسبین پہنچے گی، جہاں سے وہ ڈارون روانہ ہوگی، دورہ آسٹریلیا میں بنگلہ دیش اے کے خلاف 2 چار روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
چار روزہ میچوں کی سیریز کے لیے شاہینز کے کپتان صاحبزادہ فرحان ہوں گے، صاحبزادہ فرحان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔دو چار روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ باؤلر حنین شاہ انجری کے باعث دورہ آسٹریلیا سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ قاسم اکرم کو ٹیم میں شامل ہے۔
پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ڈارون جائیں گے، وہ اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان واپس آجائیں گے۔پاکستان میں انہیں بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں اپنی ذمہ داری سنبھالنی ہے۔