پشاور (نیوز پلس) کے پی کے میں کرونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ،خیبر میڈیکل کالج پشاور کے گرلز ہاسٹل میں 4 طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہاسٹل بند کردیا گیاہے۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال (کے ٹی ایچ) کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ طالبات کے رشتے داروں کو اطلاع دے دی گئی ہے ، میڈیکل کالج کی طالبات کو کے ٹی ایچ کے پرائیویٹ رومز میں قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ گرلز ہاسٹل کو 2 ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام طالب علموں کا اسکریننگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 198 طالبات اور اسٹاف کے ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرلیے ہیں جبکہ ہاسٹل میں کورونا سے بچاؤ کے لیے اسپرے بھی کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 4 اگست کو لڑکوں کے 3 ہاسٹل میں ٹیم بھیجی جائے گی جہاں 400 سے 500 تک طلبا اور اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ کے ٹی ایچ ترجمان نے مزید کہا کہ 17 اگست کو ہاسٹل کھولنے پر تمام طلباء کے پروٹوکول کے مطابق ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے صرف طالب علموں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے جنہیں گھروں پر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔