Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوات کا نظریہ دینے کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے۔مرتضیٰ وہاب

محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا کہ میرے ملک کی عورت با اختیار بنے ہم اس خواب کی عملی تعبیر کو سچ بنانے میں اپنی کوشش کررہے ہیں

کراچی (نیوز پلس) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ خواتین کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوات کا نظریہ دینے کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر جاتا ہے،محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا کہ میرے ملک کی عورت با اختیار بنے ہم اس خواب کی عملی تعبیر کو سچ بنانے میں اپنی کوشش کررہے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے ویمن ان وہیل (Women on Wheel)کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ڈرائیونگ اور رائیڈنگ کی ٹریننگ فراہم کرکے ان کو خود مواصلاتی سہولت کار بنانے کا سہرا بھی پورے پاکستان میں سب سے پہلے سندھ کو جاتا ہے کیونکہ کالج، یونیورسٹی، درس گاہوں اور اپنے روزگار کے مقام تک خود سفر کرنے میں ہماری بچیاں کسی کی محتاجی گوارا نہیں کر سکیں گی۔مشیر قانون نے کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے میں ویمن ان وہیل ایک اہم سنگِ میل ہے جو سندھ میں عبور کیا جارہا یے مزید برآں میں سندھ حکومت کے توسط سے اس انقلابی پروگرام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ ویمن ان وہیل پروگرام کی افادیت عمل پزیر ہونے کے بعد ہمارے سماج میں خواتین کے لیے آسانی کا پیغام لائے گی اور ہماری بیٹیاں خود اعتمادی کے ساتھ زندگی کے سفر میں قدم بڑھا سکیں گی، ان بچیوں کو ٹریننگ ختم کرنے کے بعد ان کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لیے حکومت کی جانب سے مدد کی جائے گی اور میری بھرپور کوشش ہوگی کہ تمام بچیوں کو مفت ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں اور یہ سب حکومت سندھ کا بیٹیوں کے لیے ایک چھوٹا سا تحفہ ہوگا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری سوچ رکھنے والی سیاسی جماعت ہے جس میں رنگ، نسل، مذہب، عقیدہ و جنس کی کوئی تفریق نہیں اور اس کی عملی مثالیں آج کی تاریخ تک موجود ہیں ہماری پارٹی نے تین عشرے قبل ایک خاتون کو وزیراعظم بننے کے لیے منتخب کیا تھا جو عالمٍ اسلام کی خاتون وزیراعظم بنیں تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More