اسلام آباد (نیوز پلس)حکومت نے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی مخالفت کے باوجود حکومتی ارکان پارلیمنٹ کو احساس پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعظم نے احساس کفالت پروگرام میں حکومتی ارکان پارلیمنٹ کی سفارشات کو بھی شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیردفاع پرویز خٹک اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے جواحساس کفالت پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے کے حوالے سے پلان ترتیب دے گی۔واضح رہے کہ حکومتی جماعت کے مختلف پارلیمانی پارٹی اجلاسوں میں پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے 190ارب روپے کے احساس پروگرام میں ان کی سفارشات شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے معاملہ پر کابینہ اجلاس میں بحث کرائی۔کابینہ میں بیشتر وفاقی وزرا کی رائے تھی کہ احساس پروگرام میں ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنے سے نہ صرف کفالت پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد میں سہولت ملے گی بلکہ ملک بھر میں مستحق افراد تک کفالت کارڈ کی تقسیم بھی یقینی ہو جائے گی۔