کراچی (نیوز پلس) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کی گرفتاری پر اپنا سخت رد عمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاستدانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، یہ مفرور ڈکٹیٹر کو نہ تو نوٹس بھیجتے ہیں، نہ گرفتار کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرادری نے صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کی ضمانت خارج ہونے اور گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو رہا کرے، عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں۔بلاول کاکہنا تھا کہ مفرور ڈکٹیٹرجس پرسنگین الزامات ہیں اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے نہ گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کی ہمشیرہ، معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن رہنماوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا، حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔