اسلام آباد(نیوز پلس) سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن کے معاملے پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے بہت سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت اور پوزیشن کے دیئے گئے تمام لوگ غیر جانبدار ہیں، امید ہے کہ ان پر اتفاق ہو جائے گا،قانون کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے ریٹائر ہونے کے بعد نئی تقرری کے لیے پینتالیس دن کا وقت ہوتا ہے۔وفاقی دارلحکومت اسلام آ باد میں ایک نجی یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے کا وعدہ کیا تھا اور اب اس کی قسطیں آنا شروع ہو گئی ہیں،نوازشریف اور ان کے خاندان کی بھی کچھ قسطیں باقی ہیں، امید ہے نواز شریف کی اقساط بھی جلد آنا شروع ہوجائیں گی، ہمیں کسی کو جیل میں رکھنے کا شوق نہیں، یہ لوگ ہمت پکڑیں اور باقی لوگ بھی اپنے پیسے دیں۔آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے کیس میں طے کردہ اصول سب پر لاگو رہے گا، آصف زرداری کے معاملے میں بھی ڈاکٹرز کی رائے سے معاملہ سے ہی آگے بڑھے گا۔