لاہور(نیوز پلس) پنجاب کے صوبائی اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے 5 جگہوں پر چھاپے مارے گئے ہیں حسان نیازی ہر حال میں گرفتار ہوں گے حسان نیازی وزیر اعظم کا بھانجا بعد میں پہلے حفیظ اللہ نیازی کا بیٹا ہے، حفیظ اللہ نیازی سارا دن ٹی وی پر بیٹھ کر عمران خان پر تنقید کرتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں قانون سب کے لیے یکساں ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف نے مریم نواز کو 100 ارب کے سرکاری خزانے پر بٹھا دیا تھا مریم نواز کو پی ایچ ڈی ظاہر کیا پھر ایم اے ان پنجابی کا پتہ چلا نواز شریف کی رپورٹ دینے کے 2، 3 دن قبل تک صورتحال کچھ اور ہوتی ہے، رپورٹ دینے کے ایک ہفتے بعد مہنگے برگر کھائے جا رہے ہوتے ہیں۔پی آئی سی حملے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ کیس میں 54 کے قریب ملزمان گرفتار ہیں، اسپتال کے تمام انفرا اسٹرکچر کی تزئین و آرائش کردی گئی ہے۔ اسپتالوں اور عملے کے تحفظ کے لیے بل لے کر آرہے ہیں ہم نے معاشرے میں حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، وکلا کمیونٹی ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہے۔ میں نے اپنی جان مشکل میں ڈال کر 10 سے 12 وکلا کو بچایا۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں۔ سیاستدان بھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں پر ایک حد میں رہ کر، ڈاکٹر کمیونٹی سے گزارش ہے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کریں، وکلا کمیونٹی کے 90 فیصد سے زائد رہنما سمجھتے ہیں جو ہوا وہ معاشرے کے لیے اچھا نہیں۔ وکلا، ڈاکٹرز اور عدلیہ آن بورڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ پنجاب میں نہ وفاق میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے حوالے سے ہم نے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ پہلی بار بجٹ میں 35 فیصد جنوبی پنجاب کے لیے رکھا گیا ہے۔ شہباز شریف دور میں ہر سال جنوبی پنجاب کا فنڈ کہیں اور لگ جاتا تھا۔ جنوبی پنجاب کے لوگ بھی کہہ رہے ہیں 72 سال میں پہلی بار کام ہو رہا ہے۔صوبائی اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام میں وزیر اعلیٰ کا بھائی یا رشتہ دار انچارج نہیں۔ تحریک انصاف کا وژن اقربا پروری سے پاک ہے۔