Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

جماعت اسلامی مختلف مقامات پر دھرنے کا اعلان

جماعت اسلامی مختلف مقامات پر دھرنے کا اعلان
مری روڈ پنڈی، زیروپوئنٹ اور چونگی نمبر 26 پردھرنا ہوگا، زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر دھرنے کی قیادت حافظ نعیم الرحمن کریں گے: ترجمان

اسلا م آباد:   حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش اور پکڑ دھکڑ کے بعد جماعت اسلامی نے حکمت عملی تبدیل کردی اور 3 مقامات پر دھرنوں کا اعلان کردیا۔ سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ پارٹی کی قیادت نے تین مقامات پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مری روڈ راولپنڈی پر دھرنا دیا جائے گا جس کی قیادت جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی امیر العظیم کریں گے جبکہ ان کے ساتھ نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور صوبائی و ضلعی قیادت بھی شرکت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرا دھرنا اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ پر دیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کریں گے جبکہ ان کے ساتھ نائب امیر لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، صوبائی اور اسلام آباد کی قیادت شریک ہو گی۔قیصر شریف نے بتایا کہ تیسرا دھرنا 26 نمبر چونگی پر ہو گا جس کی قیادت نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسر محمد ابراہیم اور صوبائی قیادت کرے گی۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک جماعت اسلامی کے دھرنے جاری رہیں گے اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر جہاں رکاوٹ ہو گی وہیں دھرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ کارکنان پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، حکومت فسطائیت پر اتر آئی ہے اور اب تک 1150 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔قیصر شریف نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی، آئی آئی پیز اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کو ختم کرنے تک دھرنے جاری رہیں گے۔

جماعت اسلامی کے حکومت مخالف احتجاجی دھرنے کے شرکا فیض آباد پل پر پہنچ گئے ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں سے قافلے پہنچنے کے بعد احتجاج کے شرکا ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کریں گے۔

ادھر راولپنڈی سے جماعت اسلامی کا سینکڑوں افراد پر مشتمل قافلہ اسلام آباد جانے کے لیے روانہ ہوا تو پولیس نے انہیں لیاقت باغ پہنچنے پر آگے جانے سے روک دیا۔جماعت اسلامی کے کارکنان دھرنے میں شرکت کے لیے جیسے ہی لیاقت باغ پہنچے تو پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی اور دیگر پولیس حکام لیاقت باغ پہنچ گئے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماوں نے کارکنوں کو پرامن رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسٹیج سے اعلان کیا کہ پولیس افسران حفاظت کے لیے آئے ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنماوں نے کہا کہ ظالمانہ ٹیکس کے خلاف احتجاج کے لیے ڈی چوک جانے دیا جائے اور اگر آگے نہیں جانے دیا گیا تو لیاقت باغ شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔

سی پی او راولپنڈی نے جماعت اسلامی کے رہنماوں سے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دیں گے لہذا لیاقت باغ کے اندر کارکنوں کو لے جائیں تو بہتر ہے۔جس پرلیاقت باغ کے قریب جماعت اسلامی کے رہنماں اور سی پی او کے درمیان مذاکرات جاری ہیں

حکومت کی جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیش کش
حکومت مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کیلئے تیار ہے، جماعت اسلامی کیساتھ بیٹھ کربات کرسکتے ہیں،عطاء تارڈ

وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ اور امیر مقام نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی عملداری قائم کرنا ہو گی، حکومت جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More