اسلام آباد(نیوز پلس)وفاقی حکومت نے پولیس سروس گروپ کے ثنا اللہ عباسی کو نیا آئی جی کے پی کے مقرر کردیا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفیکشن کے مطابق ڈاکٹر محمد نعیم کو او ایس ڈی تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ اکیس کے افسر ثنا اللہ عباسی اس وقت انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ایک عرصے تک سندھ پولیس میں خدمات سرانجام دینے والے ثنا اللہ عباسی سی ٹی ڈی سندھ کے سربراہ بھی رہے چکے ہیں۔اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی خیبر پختون خوا کے لیے 3 نام وزیرِ اعظم آفس کو بھجوا ئے تھے جن میں سینئر پولیس افسران محمد طاہر، ثناء اللہ عباسی اور محمد سلیمان شامل تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی حکومت کے پی کے پولیس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھی ڈاکٹر محمد نعیم نے رواں برس نو فروری کو آئی جی کے پی کے کا چارج سنبھالا تھا اور محض گیارہ ماہ بعد انہیں تبدیل کیاگیا ہے۔