بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا،وزیراعظم
بنگلہ دیش سے مکمل اظہار یکجہتی کررہے ہیں، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہئے،شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کے حوالے سے ہم نے واضح سٹینڈ لیا،بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا
اسلا م آباد: (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کے حوالے سے ہم نے واضح سٹینڈ لیا،بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹی 20ورلڈ کپ میں ہم بھارت کیخلاف میچ نہیں کھیلیں گے، بنگلہ دیش سے مکمل اظہار یکجہتی کررہے ہیں، کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہئے۔
پوری کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میں نے، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔بدھ کووزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں شریک وزراء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش ہے ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں، خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطر، ترکیہ، مصر اور دیگر ممالک نے بھی ایران کے معاملے پر کوششیں کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں 17جوان اور 31شہری شہید ہوئے،دہشتگردوں نے گوادر میں 5بچوں اور خواتین کو قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو شکست سے دو چار کیا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہیں، ہمارے شہدا کی قربیانیاں رنگ لائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔شہباز شریف نے کہاکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہے، مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
ای سی سی کے 3فروری، ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 9جنوری اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے تصفیہ کے 29جنوری کو منعقدہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی اصولی منظوری
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں اقتصادی تعاون کمیٹی (ای سی سی)کے 3فروری 2026، ریاستی ملکیتی اداروں (ایس او ایز)سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 9جنوری 2026اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے تصفیہ (سی سی ایل سی)کے 29جنوری 2026کو منعقدہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس کے آغاز میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کے ایصال ثواب اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں، سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں، متعلقہ اکائیوں اور عوام کی حمایت سے ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے تناظر میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر حکومت پاکستان اور پوری قوم کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام پیش کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ بنگلہ دیش سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف دو طرفہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے برادر ممالک سے پاکستان کے بہترین سفارتی تعلقات، بالخصوص قازقستان کے صدر کے حالیہ دورے اور ازبکستان کے صدر کے آئندہ دورے سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ تمام سرکاری اداروں کے سربراہان کابینہ اور اس کی ذیلی کمیٹیوں میں بھیجی جانے والی سمریز میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد حقائق درج کریں اور ان اجلاسوں میں مجاز افسران بذات خود شرکت کو یقینی بنائیں۔
