اسلام آباد(نیوز پلس) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت نے ایل او سی کے دوسری جانب آباد بے گناہ شہریوں پر حملے جاری رکھے تو پاکستان کے لیے خاموش رہنا مشکل ہوجائے گا۔سماجی رابطے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر حملے ناصرف معمول بن گئے ہیں بلکہ اس میں شدت بھی آرہی ہے، جس کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کی جانب ایل او سی پر عسکری مبصر مشن کی واپسی کے لیے اصرار کرے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایک خودساختہ اور جعلی حملے کا اندیشہ ہے، وہ بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر بھارت نے ایل او سی کے دوسری جانب نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا تو پاکستان کے لئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت کو بھی ویسے ہی مسائل کا سامنا ہے جیسے اسلامی دنیا کے کامیاب ترین سیاستدان مہاتیر محمد کو کرنے پڑے تھے۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بلاگ سائٹ کی ایک رپورٹ شیئر کی جس میں پاکستان کی حالیہ معاشی صورت حال کو ملائیشیا سے تشبیہ دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے اس رپورٹ کو ٹوئٹر اکانٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار اور کامیاب سیاستدان کو بھی بالکل اسی قسم کے مسائل سے سامنا رہا جن کا آج میری حکومت کو سامنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ان کی راہ میں بھی وہی سیاسی مافیا حائل ہوا جس نے اداروں کی تباہی کے ذریعے ملائیشیا کو قرض کی دلدل میں دھنسایا اور اس کا دیوالیہ نکال دیا۔