اسلام آباد(نیوز پلس) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیرقانونی تبدیلی اورعوامی امنگوں کو کچل کرآگ سے کھیل رہاہے، اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کے قوانین سے صورتحال بہتر ہوجائے گی تو یہ اس کی خام خیالی ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں خطے کی حیثیت تبدیل کر کے اور لوگوں کی خواہش کو دبا کر آگ سے کھیل رہا ہے اور یہ آگ خود بھارت کی سلامتی کو جلا کر رکھ دے گی۔غیر ملکی ویب سائٹ کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پورے کشمیر کوہڑپ کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لئے عالمی برادری کو بھارت پردباؤ ڈالنا چاہیے،طویل عرصے بعد پاکستان نے کشمیر کے مسئلے کوعالمی سطح پر اجاگر کیاہے اور وہ یہ کوششیں جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ نئی دہلی دنیا کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے،پاکستان ہر فورم پر مذاکرات کی بات کرتا ہے لیکن بھارت صرف گفتگو سے بھاگتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور نہ ہی اس کا آغاز لیکن اگر ہم پر تھونپی گئی تو یہ ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم اس کا بھرپور انداز میں ناصرف جواب دیں بلکہ دفاع بھی کریں اور دنیا کا کوئی ملک ہمیں اپنے دفاع سے روک نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی کشمیر میں موجودگی بذات خود اس حقیقت کا کھلم کھلا اعتراف ہے کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔ڈاکٹرعارف علوی نے بھی وزیراعظم عمران خان کے جانب سے بھارت سے متعلق خدشات پر کہا کہ بھارت بعض جعلی کارروائیوں کو جوازبناکرپاکستان پرحملہ کرسکتا ہے جیسا کہ اس نے پلوامہ حملہ میں کیاتھا۔ایک سوال پرصد ر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کوآئینی ترامیم سے دستبردارہوکرکشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ پرزوردیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں کواجاگرکریں۔