Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، بلاول بھٹو

بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، بلاول بھٹو

امن کیلئے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے ،پیغام

اسلا م آباد:  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں ۔ عالمی یومِ امن پر پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے رواں سال کی اقوام متحدہ کے تھیم کی حمایت کی گئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کو اسرائیل اور بھارت کی جارحیت و مظالم کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی بلا روک ٹوک جارحیت خطے اور دنیا کے امن کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں، امن صرف تنازعات کی عدم موجودگی کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کی موجودگی ہے، امن خوشحالی کی بنیاد ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور، انصاف ماند اور انسانی روح گھائل ہو جاتی ہے،آج کے دن ہم اپنے ملک کے بانی اجداد اور پارٹی کی شہید قیادت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

حقیقی امن سمندروں اور سمندری حیات کے تحفظ سے وابستہ ہے،جنید انوار

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے وقار، انصاف اور امن پر مبنی ایک وطن کا خواب دیکھا اور اس کے لیے قربانیاں دیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائدِ عوام بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت ملکی و عالمی سطح پر امن کی وکالت کی ہے، انتہاپسندی، غربت اور عدم مساوات امن اور استحکام کے سنگین خطرات ہیں ،حقیقی امن خاموشی یا جبر سے  قائم نہیں کیا جاسکتا، امن کے لیے سماجی انصاف، پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے ،ایک پرامن پاکستان نہ صرف ہمارے عوام کی خواہش ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مقدس امانت بھی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی قابض افواج کے مظالم کی شرمندگی کا بوجھ ہمیشہ انسانیت کے ضمیر کو اٹھانا پڑے گا، اسرائیلی افواج کے غزہ  میں مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت  پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی، یہ سانحات محض علاقائی مسائل نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر پر زخم ہیں، جو دنیا سے فوری عمل اور پختہ عزم کا مطالبہ کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد ایک پرامن، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے جو مکمل طور قائداعظم کے وژن پر قائم ہو،اور ایک ایسا پاکستان جو دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More