راولپنڈی (نیوز پلس)پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم و جبر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہو کر رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 229ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد میں خطے میں جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملکی داخلی سیکیورٹی اور بارڈر کی صورتحال پر خصوصی غور کیا گیا۔اس موقع پرکانفرنس کے شرکا نے مستقل امن کے لیے کیے گئے آپریشن ‘ردالفساد’ کے مثبت اثرات اور اب تک کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔شرکا نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کے حوالے سے قرار دیا کہ ان غیر ذمہ دارانہ بیانات کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امن اور سلامتی کی خواہاں ہیں، تاہم ساتھ ہی کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں چاہے اس کے لیے کوئی بھی قیمت چکانا پڑے۔